امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے امریکی خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر کی ملاقات اچھی رہی ہے۔
وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ اس ملاقات کے نتائج کے بارے میں ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔
ٹرمپ کے مطابق صدر پیوٹن یوکرین کے ساتھ جاری جنگ ختم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر وہ پہلے سے صدر ہوتے تو روس یوکرین جنگ کبھی شروع ہی نہ ہوتی اور یوکرین اپنا 100 فیصد علاقہ برقرار رکھتا۔
ٹرمپ نے بتایا کہ روس یوکرین امن مذاکرات کے سلسلے میں ان کے معاونین آج میامی میں یوکرینی مذاکرات کار سے بھی ملاقات کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز صدر ٹرمپ کے معاون خصوصی اسٹیو وٹکوف اور ان کے داماد جیرڈ کشنر نے ماسکو میں صدر پیوٹن سے تقریباً پانچ گھنٹے طویل ملاقات کی تھی۔
ملاقات کے بعد روسی صدر کے خارجہ پالیسی کے مشیر یوری اوشاکوف نے بتایا کہ امریکی حکام سے حالیہ بات چیت میں چند نکات پر اتفاق ہوا جبکہ کچھ معاملات پر ابھی اتفاق رائے نہیں ہو سکا، تاہم مجموعی طور پر مذاکرات کو مفید قرار دیا جا سکتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ روس اور امریکا کے درمیان علاقائی امور پر فی الحال کوئی جامع سمجھوتہ نہیں ہوا اور نہ ہی دونوں ممالک کے صدور کی ملاقات طے ہے۔


