وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واضح کیا ہے کہ عراق جانے والے پاکستانی زائرین کو مقررہ مدت سے زائد قیام کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ یہ بات انہوں نے برسلز میں عراقی ہم منصب جنرل عبدالامیر الشمری سے ملاقات کے دوران کہی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور عراق کے متعلقہ ادارے زائرین کے امور سے متعلق مسلسل رابطے میں رہیں گے تاکہ ان کے سفر اور قیام کو محفوظ اور سہل بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی زائرین کی سلامتی، عزت اور سہولت حکومتِ پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔عراقی وزیر داخلہ جنرل عبدالامیر الشمری نے ملاقات میں بتایا کہ پاکستانی وزارتِ داخلہ کی جانب سے فراہم کردہ تصدیق شدہ فہرست میں شامل زائرین کو ہی عراق آنے کی اجازت دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ لائحۂ عمل طے کرنے کے لیے وہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔ملاقات میں پاک عراق سکیورٹی تعاون، انسدادِ دہشت گردی اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے میکینزم مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔


