ایران کی نیم سرکاری مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق ایران کے صدر مسعود پزشکیان اور روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے ترکمانستان کے دارالحکومت اشک آباد میں منعقدہ امن و اعتماد سمٹ کے دوران اہم ملاقات کی۔
دونوں رہنما بین الاقوامی امن و اعتماد اجلاس میں شرکت کے لیے اشک آباد پہنچے جہاں خطے میں تعاون اور استحکام کے حوالے سے تبادلۂ خیال کیا گیا۔
صدر مسعود پزشکیان نے اپنے بیان میں کہا کہ پائیدار امن اور خطے میں دیرپا استحکام صرف باہمی تعاون، غیر جانبداری اور اصولی سفارت کاری کے ذریعے ممکن ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی حکمرانی کا نظام طاقتور ممالک کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا، بلکہ تمام ممالک کو بین الاقوامی اداروں میں مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔
اگرچہ ملاقات کی تفصیلی معلومات تاحال جاری نہیں کی گئیں، تاہم تجزیہ کاروں کے مطابق ایران اور روس کے صدور کی یہ براہِ راست ملاقات خطے میں اعتماد سازی، امن کے فروغ اور بین الاقوامی تعاون کے سلسلے میں ایک اہم پیش رفت تصور کی جارہی ہے۔


