برطانیہ کی ملکہ کمیلا نے حال ہی میں ایک انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں کم عمری میں ایک خوفناک واقعے کا سامنا کرنا پڑا جب وہ ٹرین میں سفر کر رہی تھیں اور اچانک ایک اجنبی شخص نے ان پر حملہ کیا اور انہیں ہراساں کرنا شروع کر دیا۔
ملکہ کمیلا نے بی بی سی ریڈیو کو دیے گئے انٹرویو میں بیان کیا کہ اس دوران وہ کتاب پڑھ رہی تھیں اور اسی وقت ایک اجنبی شخص نے ان کے ساتھ غیر مناسب سلوک کیا، جس نے انہیں شدید خوفزدہ کر دیا۔
انہوں نے بتایا کہ اس واقعے کے دوران اپنی والدہ کی نصیحت یاد کرتے ہوئے انہوں نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کیا اور جوتا اتار کر اس شخص کو دے مارا، جس کے بعد وہ مزاحمت کے بعد ٹرین سے اترنے میں کامیاب ہو گئیں۔
ملکہ کمیلا نے کہا کہ اس وقت ان کی عمر تقریباً 16 یا 17 سال تھی اور یہ واقعہ کئی سالوں تک ان کے لیے صدمے اور ذہنی دباؤ کا سبب رہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب بھی کوئی گھریلو تشدد یا ہراسانی کے موضوع پر بات کرتا ہے، تو یہ واقعہ ان کے ذہن میں تازہ ہو جاتا ہے اور انہیں شدید پریشانی اور بے چینی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کم عمری میں پیش آنے والے ایسے تجربات انسان کی زندگی پر طویل عرصے تک اثر انداز ہو سکتے ہیں اور ان کی نفسیاتی صحت پر بھی گہرا اثر ڈال سکتے ہیں۔


