وائٹ ہاؤس نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے امن منصوبے کے تحت غزہ کے لیے قائم کیے جانے والے بورڈ آف پیس کے ارکان کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق میجر جنرل جیسپر جیفرز کو عالمی استحکام فورس کا کمانڈر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو، ٹرمپ کے نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف اور امریکی صدر کے داماد جیرڈ کشنر کو بھی بورڈ آف پیس میں شامل کیا گیا ہے۔ آریے لائٹ اسٹون اور جوش گرون بام کو بورڈ کے سینئر مشیر مقرر کیا گیا ہے،
جبکہ نکولے ملادینوف کو بورڈ آف پیس کا ایگزیکٹو رکن نامزد کیا گیا ہے جو غزہ کے لیے نمائندہ اعلیٰ کے طور پر خدمات انجام دیں گے۔ اس کے علاوہ برطانیہ کے سابق وزیراعظم ٹونی بلیئر، مارک روون، اجے بنگا اور رابرٹ گیبریل بھی بورڈ آف پیس کا حصہ ہوں گے۔
بیان کے مطابق غزہ میں بورڈ آف پیس کا قیام ٹرمپ کے امن منصوبے کا اہم جزو ہے، جس کا مقصد سکیورٹی، انسانی امداد اور تعمیر نو کے منصوبوں میں ہم آہنگی پیدا کرنا اور فلسطینی اتھارٹی کے ساتھ نظم و حکومت میں اصلاحات کی راہ ہموار کرنا ہے،
یاد رہے کہ امریکی صدر نے گزشتہ روز ہی بورڈ آف پیس کے ارکان کے نام جلد جاری کرنے کا اعلان کیا تھا۔


