بنگلا دیش کرکٹ بورڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے اپنی ٹیم بھارت نہ بھیجنے کے مؤقف پر بدستور قائم ہے۔ اس حوالے سے بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے ڈھاکا میں آئی سی سی کے وفد کے ساتھ ہونے والی ملاقات کا باضابطہ اعلامیہ جاری کر دیا ہے،
جس میں بتایا گیا ہے کہ اجلاس کے دوران بنگلا دیش کی ورلڈ کپ میں شرکت سے متعلق مختلف پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
بی سی بی کے مطابق میٹنگ میں آئی سی سی کے سامنے ایک بار پھر باضابطہ طور پر یہ درخواست دہرائی گئی کہ بنگلا دیش کے میچز کسی دوسرے وینیو پر منتقل کیے جائیں، جبکہ بنگلا دیشی حکومت کی ہدایات اور سکیورٹی خدشات سے بھی آئی سی سی وفد کو آگاہ کیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام بات چیت تعمیری، خوشگوار اور پیشہ ورانہ ماحول میں ہوئی اور فریقین نے متعلقہ امور پر کھل کر تبادلہ خیال کیا۔ لاجسٹک معاملات کو مدنظر رکھتے ہوئے بنگلا دیش کو کسی دوسرے گروپ میں منتقل کرنے کے امکان پر بھی غور کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق آئی سی سی وفد میں جنرل منیجر ایونٹس اینڈ کارپوریٹ کمیونیکیشنز گوروو سکسینہ اور جنرل منیجر انٹیگریٹی یونٹ اینڈریو ایفرگریو شامل تھے، تاہم گوروو سکسینہ ویزا میں تاخیر کے باعث اجلاس میں آن لائن شریک ہوئے۔ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ اور آئی سی سی نے اس معاملے پر مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔


