معرکہِ حق کی تاریخی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر پاکستان کی عسکری قیادت کی جانب سے قوم اور مسلح افواج کو مبارک باد پیش کی گئی ہے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اورنیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے اس موقع پر قوم کے عزم، اتحاد اور افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ قومی یکجہتی کے ساتھ منایا جانے والا یہ دن افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور قومی اتحاد کا مظہر ہے۔ بیان کے مطابق مسلح افواج ہر مشکل گھڑی میں پاکستانی عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہیں اور قوم سے اپنے لازوال رشتے کو جذبۂ خدمت اور فخر کے ساتھ نبھا رہی ہیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ معرکہِ حق پاکستان کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت اختیار کر چکا ہے، جو قومی عزم، عسکری مہارت اور حکمت عملی کی پختگی کی واضح عکاسی کرتا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ اس کامیابی نے نہ صرف قومی اعتماد کو مضبوط کیا بلکہ پاکستان کو ایک ذمہ دار، باوقار اور مستحکم علاقائی قوت کے طور پر بھی نمایاں کیا۔
بیان کے مطابق معرکہِ حق نے دنیا پر واضح کیا کہ پاکستان مؤثر دفاعی صلاحیتوں کا حامل ملک ہے۔ اس دوران پاکستان کے بروقت اور مؤثر ردعمل نے دشمن کی سازشوں، فالس فلیگ بیانیے اور پروپیگنڈے کو بے نقاب کیا، جس کے نتیجے میں دشمن کو عالمی سطح پر سبکی کا سامنا کرنا پڑا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پراکسی دہشت گردی سمیت روایتی اور ہائبرڈ چیلنجز کے باوجود پاکستان کی مسلح افواج نے غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ افواج نے زمینی، فضائی، بحری، سائبر اور معلوماتی محاذوں پر اعلیٰ آپریشنل تیاری اور مہارت کا ثبوت دیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ معرکہِ حق کے بعد پاکستان نے اپنی دفاعی استعداد میں مزید اضافہ کرتے ہوئے مکمل اسپیکٹرم ڈیٹرنس کو مزید مضبوط بنایا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی ایشیا میں پائیدار امن صرف بامعنی مذاکرات، بین الاقوامی قانون اور انصاف کے اصولوں کی پاسداری سے ہی ممکن ہے۔
آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قوم کی مکمل حمایت کے ساتھ مسلح افواج ہر قسم کے اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ معرکہِ حق کی کامیابی افواجِ پاکستان کی تیاری، لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کا عملی ثبوت ہے، جبکہ اس کامیابی نے عوام کے اعتماد کو مزید مستحکم کیا ہے۔
بیان کے اختتام پر کہا گیا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے پرعزم اور ثابت قدم رہے گا۔


