معرکہِ حق میں پاکستان کی تاریخی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر آج جی ایچ کیو راولپنڈی میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا جائے گا، جہاں ملک کی عسکری قیادت اور اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔ تقریب میں روایتی حریف بھارت کے خلاف پاکستان کی شاندار فتح کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب کے مہمانِ خصوصی چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ہوں گے، جو تقریب سے خصوصی خطاب بھی کریں گے۔ اس موقع پر پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف بھی شریک ہوں گے۔
تقریب کے دوران یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی جائے گی جبکہ تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے سلامی پیش کریں گے۔ معرکہِ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور ایڈمرل نوید اشرف نے قوم اور مسلح افواج کو مبارک باد بھی پیش کی ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ قوم کی بھرپور حمایت کے ساتھ پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کے اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ معرکہِ حق میں کامیابی افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت، اعلیٰ تربیت، تیاری اور غیر متزلزل عزم کا واضح ثبوت ہے، جبکہ اس فتح نے مسلح افواج پر عوامی اعتماد کو مزید مضبوط اور مستحکم کیا ہے۔


