خطے میں طاقت کا توازن تبدیل کرنے کا خواب، بھارت کے قد کاٹھ اور صلاحیت سے کہیں زیادہ ہے، جسے پاکستان کبھی کامیاب نہیں ہونے دیگا، فیلڈ مارشل

Date:

معرکہِ حق کی پہلی یادگاری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات نے کہا ہے کہ معرکہِ حق اور آپریشن بنیان مرصوص میں اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان، عوام اور مسلح افواج کو ایک بے مثال کامیابی حاصل ہوئی۔

اپنے تاریخی خطاب میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ معرکہِ حق دراصل دو نظریات کے درمیان ایک فیصلہ کن جنگ تھی، جس میں حق کو فتح نصیب ہوئی جبکہ باطل کو شکست اور ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم، مسلح افواج اور قومی قیادت نے اس معرکے میں غیر معمولی اتحاد، حوصلے اور عزم کا مظاہرہ کیا۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ ہندوستان کا دیرینہ خواب ہے کہ پاکستان کو عسکری جارحیت، سفارتی دباؤ اور تنہائی کا شکار بنا کر خطے میں طاقت کا توازن اپنے حق میں تبدیل کیا جائے، تاہم یہ خواب بھارت کی صلاحیت اور حیثیت سے کہیں بڑا ہے اور پاکستان اسے کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گا۔

انہوں نے معرکہِ حق کے تمام شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اور افواجِ پاکستان شہید ہونے والی نہتی خواتین، بزرگوں اور معصوم بچوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ فیلڈ مارشل نے کہا کہ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو ایک مقدس امانت سمجھتی ہے جبکہ اپنی طاقت کو ذمہ داری اور کامیابی کو اللہ تعالیٰ کا احسان تصور کرتی ہے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ عوام اور قومی قیادت کا واضح پیغام ہے کہ ملکی خودمختاری، سرحدی سالمیت اور قومی وقار پر کسی قسم کا سمجھوتہ ہرگز قابلِ قبول نہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنے دفاع، امن اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر مکمل طور پر تیار اور متحد ہے۔

 فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ہندوستان کو اس جنگ کے نتیجے میں شدید جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا، جس کی قیمت اسے آنے والے وقتوں تک چکانا پڑے گی۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ آپریشن کے دوران فتح میزائلوں اور پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کے 26 سے زائد عسکری اہداف کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا، جس سے دشمن کی جنگی صلاحیت کو شدید نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ الحمدللہ آج پاکستان کا دفاع کسی بھی بیرونی جارحیت کے خلاف مکمل طور پر ناقابلِ تسخیر ہے۔

انہوں نے دشمن کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی آئندہ مہم جوئی کے نتائج محدود نہیں بلکہ انتہائی خطرناک، دور رس اور تکلیف دہ ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عصرِ حاضر اور مستقبل کی جنگیں ملٹی ڈومین آپریشنز پر مشتمل ہوں گی، جن میں دور تک مار کرنے والے ہتھیار، ڈرونز، سائبر وارفیئر اور آرٹیفشل انٹیلی جنس کلیدی کردار ادا کریں گے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ افواجِ پاکستان کو جدید جنگی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ڈیفنس فورسز ہیڈکوارٹرز قائم کر دیا گیا ہے تاکہ تینوں مسلح افواج کے درمیان مزید مؤثر ہم آہنگی اور جدید عسکری حکمت عملی کو فروغ دیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برادر اسلامی ملک سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدہ پاکستان کی ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے، جبکہ آج پاکستان اپنی مؤثر، ذمہ دارانہ اور غیر جانبدار سفارتی حکمت عملی کے ذریعے تاریخی امن مذاکرات کی میزبانی بھی کر رہا ہے۔

فیلڈ مارشل نے الزام عائد کیا کہ پاکستان کے ساتھ روایتی جنگ کو ناممکن سمجھتے ہوئے بھارت ایک بار پھر دہشت گردی کی گھناونی پالیسی کا سہارا لے رہا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ افغانستان اپنی سرزمین پر موجود دہشت گردی کے مراکز اور محفوظ پناہ گاہوں کا مکمل خاتمہ کرے۔

انہوں نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے عوام، افواجِ پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بہادر اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دینے والوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ ہر بے گناہ پاکستانی کے خون کا حساب لیا جائے گا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔

اپنے خطاب میں انہوں نے کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی منزل وہی عظیم مقام ہے جس کا خواب اسلاف نے دیکھا تھا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کا سبز ہلالی پرچم امید، استقامت اور قومی وحدت کی علامت ہے جبکہ اس کی مسلح افواج ہر لمحہ منظم، باصلاحیت اور ہر قسم کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ہماری اصل طاقت ہے اور افواجِ پاکستان قوم کی قوت ہیں۔

خطاب کے اختتام پر فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل ان شاء اللہ نہایت روشن اور تابناک ہے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ جب حق اور باطل کا مقابلہ ہو تو فتح ہمیشہ حق کا مقدر بنتی ہے، اور پاکستان کل بھی ناقابلِ تسخیر تھا اور ان شاء اللہ آئندہ بھی ناقابلِ تسخیر رہے گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

Share post:

Subscribe

spot_imgspot_img

Popular

More like this
Related