واشنگٹن: امریکا نے چین کو ایرانی تیل کی ترسیل میں معاونت کے الزام میں 12 افراد اور اداروں پر نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق پابندیوں کی زد میں آنے والوں میں ہانگ کانگ میں قائم 4 اور متحدہ عرب امارات میں قائم 4 کمپنیاں بھی شامل ہیں۔
امریکی وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کو عالمی مالیاتی نظام اور مالیاتی نیٹ ورکس سے الگ کرنے کے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ تہران کی تیل برآمدات اور مالی وسائل تک رسائی محدود کی جا سکے۔
امریکی حکام کے مطابق یہ پابندیاں ایران کے تیل کے کاروبار اور اس سے منسلک مالیاتی سرگرمیوں کو نشانہ بنانے کی پالیسی کا حصہ ہیں، جن کے ذریعے چین کو تیل کی فراہمی میں مبینہ کردار ادا کیا جا رہا تھا۔
واضح رہے کہ یہ اقدام ڈونلڈ ٹرمپ کے متوقع دورۂ چین سے قبل سامنے آیا ہے، جسے خطے میں جاری سفارتی اور معاشی کشیدگی کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔


