تہران: ایرانی پارلیمان کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکا کے ساتھ جاری کشیدگی اور جنگ کے خاتمے سے متعلق اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران کے عوامی حقوق کو تسلیم کیے بغیر کسی بھی حل کا کامیاب ہونا ممکن نہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ 14 نکاتی تجویز میں شامل ایرانی عوام کے حقوق کو قبول کرنے کے سوا کوئی متبادل موجود نہیں۔
اسپیکر ایرانی پارلیمنٹ کا کہنا تھا کہ ایران کے جائز حقوق سے ہٹ کر اختیار کیا جانے والا ہر راستہ ناکامی اور بے نتیجہ ثابت ہوگا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اس معاملے میں جتنی تاخیر کی جائے گی، اس کی قیمت امریکی ٹیکس دہندگان کو مزید بھاری صورت میں ادا کرنا پڑے گی۔
محمد باقر قالیباف، جو ایران کے چیف مذاکرات کار کے طور پر بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں، نے واضح کیا کہ ایرانی مسلح افواج کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ غلط حکمت عملی اور ناقص فیصلے ہمیشہ تباہ کن نتائج کو جنم دیتے ہیں اور اب پوری دنیا اس حقیقت کو سمجھ چکی ہے۔ ان کے بقول ایران ہر ممکن صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے اور مخالفین کو ایسے ردعمل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جس کا انہیں اندازہ بھی نہیں ہوگا۔


