ایران کے ترجمان دفتر خارجہ اسماعیل بقائی نے ساسانی دور کی تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کو اپنا مرکز سمجھنے والے رومی حکمرانوں کا غرور ایرانیوں نے ہمیشہ خاک میں ملایا ہے۔
مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق اسماعیل بقائی نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک معنی خیز پیغام میں موجودہ عالمی صورتحال کو تاریخی تناظر میں بیان کیا۔ انہوں نے ساسانی بادشاہ شاپور اول کی رومی شہنشاہ پر فتح کی تاریخی سنگ تراشی شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’شہنشاہ کو بالآخر حقیقت تسلیم کرنا پڑی۔‘‘
انہوں نے کہا کہ قدیم دور میں رومی سلطنت خود کو دنیا کا مرکز تصور کرتی تھی، تاہم ایرانیوں نے ہمیشہ اس غرور اور برتری کے زعم کو شکست دی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق رومی شہنشاہ فلپ عرب نے ساسانی سلطنت کے خلاف مشرقی محاذ پر بڑی فوج کشی کا خواب دیکھا تھا، لیکن یہ مہم ناکامی پر ختم ہوئی۔ ان کے بقول بالآخر رومی حکمران کو شاپور اول کی شرائط پر امن معاہدہ کرنا پڑا اور زمینی حقائق تسلیم کرنا پڑے۔
اسماعیل بقائی کے اس بیان کو مبصرین موجودہ عالمی اور علاقائی کشیدگی کے تناظر میں ایک علامتی اور سیاسی پیغام قرار دے رہے ہیں۔


