انتخابی ضابطۂ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں گے،خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی،چیف الیکشن کمشنر جی بی

Date:

چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ عام انتخابات کے انعقاد کے دوران انتخابی ضابطۂ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے اور اس کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

صوبائی الیکشن کمشنر عابد رضا کے ہمراہ  پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےچیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ انتخابی عمل کو سبوتاژ کرنے، امن و امان کی صورتحال خراب کرنے یا اشتعال انگیزی پھیلانے کی کسی بھی کوشش کے خلاف قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔

راجہ شہباز خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا بنیادی مقصد صاف، شفاف، غیر جانبدار اور پرامن انتخابات کا انعقاد ہے تاکہ ووٹرز آزادانہ ماحول میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر سکیں۔

اس مقصد کے حصول کے لیے موثر مانیٹرنگ نظام پہلے ہی نافذ کیا جا چکا ہے جبکہ مانیٹرنگ افسران کو مکمل اختیارات تفویض کیے گئے ہیں تاکہ وہ ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر فوری کارروائی کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ بعض عناصر کی جانب سے سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع سے انتخابی ماحول کو متاثر کرنے اور انتشار پھیلانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، جو انتخابی ضابطۂ اخلاق اور تعزیرات پاکستان کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ ایسے اقدامات میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

چیف الیکشن کمشنر نے مزید بتایا کہ حالیہ دنوں میں بعض سیاسی شخصیات اور وفاقی وزراء کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے مانیٹرنگ افسران کی جانب سے نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی امیدوار یا سیاسی جماعت کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں برتا جائے گا اور قانون کا اطلاق سب پر یکساں ہوگا۔

اایک سوال کے جواب میں راجہ شہباز خان نے کہا کہ وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان نے اپنے دورہ گلگت بلتستان کے لیے باقاعدہ این او سی حاصل کیا ہے اور ان کی تمام سرگرمیاں مروجہ قوانین اور قواعد و ضوابط کے مطابق انجام دی جا رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاق یا دیگر صوبوں سے آنے والی ہر شخصیت کے لیے قانونی تقاضوں کی تکمیل اور پیشگی اجازت حاصل کرنا لازمی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ انتخابی مہم کے دوران کسی امیدوار کو جلوس، ہنگامہ آرائی یا امن عامہ کو متاثر کرنے والی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اگر کوئی امیدوار یا سیاسی کارکن ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں نااہلی سمیت دیگر قانونی اقدامات بھی شامل ہو سکتے ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن گلگت بلتستان انتخابات کے شفاف، منصفانہ اور پرامن انعقاد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہا ہے اور انتخابی عمل کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

Share post:

Subscribe

spot_imgspot_img

Popular

More like this
Related

ایران: آبنائے ہرمز پر خودمختاری سے متعلق قانون سازی کی منظوری کا امکان

ایک ایرانی قانون ساز نے کہا ہے کہ ملک...

نیٹو ممالک کا آبنائے ہرمز کے قریب فوجی نقل و حرکت کا عندیہ

بین الاقوامی سیکیورٹی فورم شنگری لا ڈائیلاگ کے دوران...