پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اپنی جماعت کے ناراض ارکان اسمبلی کو منانے کے لیے متحرک ہوگئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ نے رات گئے ایم پی اے عبدالغنی آفریدی کی رہائش گاہ کا دورہ کیا، جہاں ان کی تفصیلی ملاقات ہوئی۔ اس ملاقات میں پارٹی کے اندرونی اختلافات اور حلقوں کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ نے متعدد ناراض ایم پی ایز سے ٹیلیفونک رابطے بھی کیے ہیں اور انہیں منانے کی کوششیں جاری ہیں۔ بعض ارکان اسمبلی نے اپنے تحفظات سے مرکزی قیادت کو بھی آگاہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت نے وزیراعلیٰ کو ہدایت کی ہے کہ ناراض اراکین کے تحفظات دور کیے جائیں اور انہیں مناسب طور پر ایڈجسٹ کیا جائے تاکہ پارٹی میں اتحاد برقرار رکھا جا سکے۔
دوسری جانب ایم پی اے عبدالغنی آفریدی نے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ گفتگو میں ضلع خیبر کی مجموعی ترقی اور عوامی مسائل کے حل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ان کے مطابق ملاقات مثبت رہی اور ترقیاتی امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔


