ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والے امن معاہدے کے بعد پاکستان میں ایرانی ریال کی خرید و فروخت میں غیر معمولی تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین ملک بوستان نے بتایا ہے کہ معاہدے کے پہلے ہی روز ملک بھر میں تقریباً 40 ارب ایرانی ریال کی خریداری ریکارڈ کی گئی تھی۔ تاہم بعد ازاں طلب میں مسلسل اضافے کے باعث صرف چار روز کے دوران مجموعی طور پر 2 کھرب ایرانی ریال خرید لیے گئے۔
ملک بوستان کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں کمی اور تعلقات میں بہتری کی توقعات کے باعث سرمایہ کاروں اور تاجروں کی جانب سے ایرانی ریال میں دلچسپی بڑھ رہی ہے۔
دوسری جانب مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایرانی ریال کی طلب میں اضافے کے ساتھ ساتھ اس کی قدر میں بھی مسلسل بہتری دیکھی جا رہی ہے، جبکہ آنے والے دنوں میں اس رجحان کے مزید مضبوط ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔


