ایف بی آر کا 15 ہزار 264 ارب روپے ٹیکس وصولی کا ہدف، مصنوعی ذہانت پر مبنی نئی حکمتِ عملی تیار

Date:

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے آئندہ مالی سال 2026-27 میں 15 ہزار 264 ارب روپے کے ٹیکس ہدف کے حصول کے لیے مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلی جنس) پر مبنی جدید حکمتِ عملی تیار کر لی ہے۔

چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال کے مطابق، حکومت کی جانب سے تنخواہ دار طبقے، برآمد کنندگان اور رئیل اسٹیٹ سیکٹر کو ٹیکس ریلیف دینے، سپر ٹیکس میں معقولیت لانے اور ریٹیلرز کے لیے فکسڈ ٹیکس اسکیم متعارف کرانے کے باوجود ٹیکس وصولیوں میں کمی نہیں آنے دی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے ایف بی آر ڈیجیٹل الگورتھمک سیٹلمنٹ میکانزم کے ذریعے ٹیکس معاملات کو زیادہ مؤثر انداز میں نمٹائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ایف بی آر ہر ماہ جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) کا آڈٹ اور جانچ پڑتال کرے گا، جس سے ٹیکس تعمیل میں بہتری آئے گی اور مجموعی وصولیوں میں اضافہ متوقع ہے۔

چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ آئندہ مالی سال میں ٹیکس ہدف کے حصول میں معاشی اشاریے، خصوصاً جی ڈی پی کی شرح نمو، بڑے پیمانے کی صنعت (ایل ایس ایم) کی کارکردگی اور صارف قیمت اشاریہ (سی پی آئی) پر مبنی مہنگائی اہم کردار ادا کریں گے۔

راشد محمود لنگڑیال کے مطابق حکومت نے آئی ایم ایف اور پارلیمنٹ کو آگاہ کیا ہے کہ نفاذ، تعمیل، پالیسی اقدامات اور بعض ٹیکس شرحوں میں تبدیلی سمیت 26 محصولات بڑھانے والے اقدامات کے ذریعے مالی سال 2026-27 میں ایک ہزار 20 ارب روپے کی اضافی آمدن حاصل ہونے کی توقع ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایف بی آر نے جاری مالی سال 2025-26 کے لیے اپنے ٹیکس وصولی کے ہدف کو کم کرتے ہوئے 12 ہزار 983 ارب روپے مقرر کر دیا ہے۔ اس سے قبل یہ ہدف ابتدا میں 14 ہزار 130 ارب روپے رکھا گیا تھا، بعد ازاں اسے 13 ہزار 979 ارب روپے اور پھر مزید کم کرکے 12 ہزار 983 ارب روپے کر دیا گیا، جبکہ آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ ہدف 12 ہزار 961 ارب روپے تھا۔

چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ اگرچہ آئی ایم ایف پروگرام کے تحت بعض شعبوں پر ٹیکس کا بوجھ کم کیا گیا ہے، تاہم حکومت کو یقین ہے کہ مؤثر نفاذ، بہتر ٹیکس تعمیل، جدید ڈیجیٹل نظام اور مصنوعی ذہانت کے استعمال سے آئندہ مالی سال میں 15 ہزار 264 ارب روپے کا ٹیکس ہدف حاصل کیا جا سکتا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

Share post:

Subscribe

spot_imgspot_img

Popular

More like this
Related