یومِ عاشور: وزیراعظم اور صدر مملکت کا قوم کے نام خصوصی پیغام، اتحاد، صبر اور رواداری کو فروغ دینے کی اپیل

Date:

وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ عاشور کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یومِ عاشور صبر، استقامت، ایثار، حق گوئی اور اصولوں پر ثابت قدم رہنے کا عظیم درس دیتا ہے، جبکہ واقعۂ کربلا پوری انسانیت کے لیے حق و باطل کے درمیان فرق واضح کرنے والی لازوال مثال ہے۔

وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ واقعۂ کربلا ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ اصولوں اور اعلیٰ اقدار کی پاسداری ہی ایک مہذب معاشرے کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو عدل و انصاف، صبر و برداشت، تحمل اور ذمہ داری جیسے اوصاف کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا ہوگا۔

شہباز شریف نے کہا کہ اختلافات، نفرت اور انتشار کے بجائے احترام، برداشت اور قومی یکجہتی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے علمائے کرام، مشائخ، ذاکرین اور ذرائع ابلاغ پر زور دیا کہ وہ یومِ عاشور کے حقیقی پیغام کو اجاگر کریں، بین المسالک احترام اور ہم آہنگی کو فروغ دیں اور اشتعال انگیزی، نفرت انگیز تقاریر اور فرقہ واریت کی ہر شکل کی حوصلہ شکنی کریں۔

دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی یومِ عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن صبر، استقامت، ایثار، حق گوئی اور اصولوں پر ڈٹے رہنے کا درس دیتا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ واقعۂ کربلا محض ایک تاریخی سانحہ نہیں بلکہ ایک دائمی پیغام، ایک زندہ درسگاہ اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کی روشن علامت ہے۔ انہوں نے قوم پر زور دیا کہ یومِ عاشور کے موقع پر امن، رواداری، بھائی چارے، مذہبی ہم آہنگی اور باہمی احترام کو فروغ دیا جائے تاکہ حضرت امام حسینؑ کی عظیم قربانی کے حقیقی پیغام کو عملی طور پر اپنایا جا سکے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

Share post:

Subscribe

spot_imgspot_img

Popular

More like this
Related