لوچستان میں دو انٹیلی جنس آپریشنز، خودکش بمبار سمیت 8 دہشت گرد ہلاک، اسلحہ اور بارودی مواد برآمد

Date:

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع خاران اور مستونگ میں دو الگ الگ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران کالعدم دہشت گرد تنظیم فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے ایک خودکش بمبار سمیت آٹھ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 25 اور 26 جون کو خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر دونوں اضلاع میں تیز رفتار کارروائیاں کیں، جن کا مقصد بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد نیٹ ورکس کا خاتمہ کرنا تھا۔

ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق 25 جون کو ضلع خاران میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے تین دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد دیگر زخمی ہوگئے۔

بیان کے مطابق 26 جون کو ضلع مستونگ میں خودکش بمبار کی موجودگی کی اطلاع پر ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک خودکش حملہ آور سمیت پانچ دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود، دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد (آئی ای ڈیز) اور موٹر سائیکلیں بھی برآمد کی گئی ہیں، جنہیں دہشت گرد کارروائیوں میں استعمال کیا جانا تھا۔

ترجمان کے مطابق علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کی تلاش کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں، جبکہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قومی انسداد دہشت گردی پالیسی "عزمِ استحکام” کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے خاران اور مستونگ میں کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بہادر جوانوں نے آٹھ دہشت گردوں کو ہلاک کر کے ان کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے۔

وزیراعظم نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں منطقی انجام تک جاری رہیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں اور پاکستان سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک حکومت اور سیکیورٹی اداروں کی جدوجہد جاری رہے گی۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کے دشمنوں اور دہشت گرد عناصر کو ہر محاذ پر عبرتناک شکست دی جائے گی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

Share post:

Subscribe

spot_imgspot_img

Popular

More like this
Related