کربلا معلیٰ: گیارہ محرم الحرام کے موقع پر حضرت امام حسینؑ، اہلِ بیتِ اطہارؑ اور شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے دنیا بھر سے آنے والے لاکھوں زائرین کربلا معلیٰ میں موجود ہیں۔
روضۂ امام حسینؑ اور روضۂ حضرت عباسؑ سمیت پورا شہر عقیدت مندوں سے بھرا ہوا ہے، جہاں ہر طرف غم، احترام اور وفاداری کی کیفیت نمایاں ہے۔
گیارہ محرم کو عاشورہ کے المناک واقعات کی یاد میں عزادار ماتمی جلوسوں، مجالسِ عزا اور مرثیہ خوانی میں شریک ہو کر شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کو یاد کر رہے ہیں۔
کربلا کی فضائیں مسلسل "لبیک یا حسینؑ”، "یا حسینؑ” اور "ہیہات منا الذلہ” کی صداؤں سے گونج رہی ہیں، جبکہ زائرین حضرت امام حسینؑ کے مشنِ حق، صبر، استقامت اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کے عہد کی تجدید کر رہے ہیں۔
زائرین کا کہنا ہے کہ گیارہ محرم صرف غم و اندوہ کا دن نہیں بلکہ حضرت امام حسینؑ کے پیغامِ حریت، عدل اور انسانی وقار کو اپنی عملی زندگی میں اپنانے کا عہد بھی ہے۔
اس موقع پر کربلا معلیٰ میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ زائرین کی خدمت کے لیے ہزاروں رضاکار اور مواکب خوراک، پانی اور دیگر سہولیات کی فراہمی میں مصروف ہیں۔


