ایران میں امام شہید حضرت آیت اللہ علی خامنہ ای اور ان کے اہلِ خانہ کے جسدِ خاکی کو عوامی الوداع پیش کرنے کے لیے تہران کے مصلیٰ میں خصوصی پلیٹ فارم (منصہ) تیار کر لیا گیا ہے،
اس حوالے سے بریگیڈیئر جنرل حسن زادہ نے بتایا کہ مصلیٰ تہران میں تیار کیے گئے اس خصوصی پلیٹ فارم کو اس انداز سے ڈیزائن کیا گیا ہے کہ صحن اور اطراف کے تمام برآمدوں سے موجود افراد بآسانی جسدِ خاکی کا دیدار کر سکیں۔ اس کی ساخت ایسی رکھی گئی ہے کہ ہر زاویے سے واضح منظر دکھائی دے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پلیٹ فارم کی تیاری میں ان تاریخی عوامی ملاقاتوں کی یاد کو مدنظر رکھا گیا ہے جن میں امام شہید حضرت آیت اللہ علی خامنہ ای بڑی تعداد میں عوام سے ملاقات اور خطاب کیا کرتے تھے۔ اسی طرزِ تعمیر کو اختیار کرتے ہوئے وداعی تقریب کے لیے ایک باوقار اور باعظمت ماحول فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
بریگیڈیئر جنرل حسن زادہ کے مطابق پلیٹ فارم کے اندر نماز کی ادائیگی کے لیے بھی خصوصی جگہ مختص کی گئی ہے، تاکہ وداعی مراسم کے دوران نمازِ جنازہ اور دیگر مذہبی رسومات باقاعدہ طور پر ادا کی جا سکیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس پلیٹ فارم کا مقصد لاکھوں سوگواروں کو منظم انداز میں آخری دیدار کا موقع فراہم کرنا اور وداعی تقریب کو باوقار انداز میں منعقد کرنا ہے۔


