کہوٹہ میں عدالت سے اڈیالا جیل منتقل کیے جانے والے قیدیوں کی وین سے 14 قیدی فرار ہو گئے، جن میں سے 4 کو پولیس نے دوبارہ گرفتار کر لیا جبکہ باقی کی تلاش جاری ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق عدالت میں پیشی کے بعد قیدیوں کو اڈیالا جیل منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے میں چیکنگ کے لیے قیدی وین کو روکا گیا۔ اس دوران ایک قیدی نے پولیس اہلکاروں کی آنکھوں میں مرچیں پھینک دیں، جس کے بعد 14 قیدی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
واقعے کے فوراً بعد کہوٹہ پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا، جس کے دوران 4 مفرور قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق مفرور قیدیوں کی گرفتاری کے لیے کہوٹہ کے داخلی اور خارجی راستے سیل کر دیے گئے ہیں جبکہ پولیس کی بھاری نفری سرچ آپریشن میں حصہ لے رہی ہے۔
ادھر راولپنڈی پولیس نے بھی تصدیق کی ہے کہ فرار ہونے والے 14 قیدیوں میں سے 4 کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ باقی مفرور قیدیوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن بدستور جاری ہے۔


