کیاپاکستانی لیتھیم ذخائر ملکی معیشت کے لیے گیم چینجر ثابت ہوں گے؟

Date:

پاکستان اور چین نے کراچی کے کورنگی انڈسٹریل ایریا میں لیتھیم آئن بیٹریوں کا پلانٹ قائم کرنے کے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔

ابتدائی مرحلے میں پلانٹ میں ہر ماہ تقریباً 2 ہزار بیٹریاں تیار کی جائیں گی، جبکہ پیداوار آئندہ دو سے تین ماہ میں شروع ہونے کی توقع ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کے معاونِ خصوصی ہارون اختر کے مطابق یہ منصوبہ پاکستان میں ایک نئی صنعتی شعبے کی بنیاد رکھے گا اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی مینوفیکچرنگ کو فروغ دے گا۔

سینئر تجزیہ کار اور فل برائٹ اسکالر حنان حسین نے اس منصوبے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لیتھیم آئن بیٹریاں پاکستان میں تیزی سے فروغ پاتے شمسی توانائی (سولر انرجی) کے شعبے کے لیے نہایت اہم ہیں، جبکہ چین کے ساتھ یہ شراکت داری پاکستان کے گرین انرجی وژن کو عملی شکل دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

ان کے مطابق اگرچہ چینی ٹیکنالوجی کی منتقلی نسبتاً آسان ہوگی، تاہم مقامی انجینئرز اور ماہرین کو اس پیچیدہ ٹیکنالوجی میں مکمل مہارت حاصل کرنے میں کئی سال لگ سکتے ہیں۔

حنان حسین کا کہنا تھا کہ مقامی سطح پر بیٹریوں کی تیاری سے مستقبل میں الیکٹرک گاڑیاں نسبتاً سستی ہو سکیں گی۔ پنجاب میں پہلے ہی کم لاگت والی الیکٹرک گاڑیوں کے منصوبوں پر کام جاری ہے، تاہم عام صارفین کو اس کے نمایاں فوائد حاصل ہونے میں ابھی چند سال انتظار کرنا پڑے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے بلوچستان اور گلگت بلتستان میں لیتھیم کے وسیع مگر غیر استعمال شدہ ذخائر موجود ہیں۔

اگرچہ ان ذخائر کی بڑے پیمانے پر کان کنی ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے، تاہم حالیہ معدنیات کانفرنس میں امریکا اور چین سمیت کئی عالمی سرمایہ کاروں نے دلچسپی ظاہر کی۔

حنان حسین کے مطابق اگر پاکستان لیتھیم کی بنیاد پر مضبوط اور پائیدار صنعت قائم کرنا چاہتا ہے تو اسے مزید غیر ملکی سرمایہ کاری، صحت مند مسابقت، جدید ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاروں کے لیے محفوظ کاروباری ماحول فراہم کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا، "لیتھیم کے ذخائر پاکستان کی عالمی سطح پر اہم معاشی طاقت بن سکتے ہیں۔ گرین انرجی کی عالمی منتقلی کے تناظر میں پاکستان ان وسائل کو اپنی معیشت کے مفاد میں استعمال کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، بشرطیکہ درست پالیسیاں اور مؤثر سرمایہ کاری کو یقینی بنایا جائے۔”

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

Share post:

Subscribe

spot_imgspot_img

Popular

More like this
Related