ایک امریکی نیوز ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے کمرشل جہازوں کو نشانہ بناتے ہوئے کم از کم دو میزائل فائر کیے، جس کے نتیجے میں ایک آئل ٹینکر کو نقصان پہنچا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
رپورٹ کے مطابق حملے کے دوران آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ واقعے کے بعد سمندری راستوں پر سیکیورٹی خدشات میں اضافہ ہوگیا۔
دوسری جانب برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز نے بھی ایک بحری واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ عمان کے شہر لیماہ کے مشرق میں تقریباً آٹھ ناٹیکل میل کے فاصلے پر ایک آئل ٹینکر گولہ لگنے سے متاثر ہوا، جس کے باعث جہاز میں آگ بھڑک اٹھی۔
برطانوی ایجنسی کے مطابق واقعے میں کسی جانی نقصان یا ماحولیاتی آلودگی کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، جبکہ متعلقہ حکام صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی ویب سائٹ کی جانب سے ایران پر عائد کیے گئے اس الزام کی ایرانی حکام کی جانب سے تاحال باضابطہ تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔


