اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے اپوزیشن اور سیاسی قیادت کو موجودہ صورتحال پر اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کل دونوں ایوانوں کے قائدین حزب اختلاف اور پارلیمانی لیڈرز کو بریفنگ کے لیے مدعو کریں گے، جس کا مقصد قومی سطح پر اہم امور پر سیاسی ہم آہنگی پیدا کرنا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی اس بریفنگ میں مشرقِ وسطیٰ کی تازہ صورتحال، ایران پر حملوں کے بعد پیدا ہونے والی علاقائی و سفارتی صورتحال اور پاکستان کی خارجہ پالیسی کے اہم پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو کی جائے گی۔
اس کے علاوہ مغربی سرحد پر افغان طالبان کے خلاف جاری کارروائیوں سے متعلق سکیورٹی امور پر بھی بریفنگ دی جائے گی تاکہ ملکی سلامتی کے حوالے سے مشترکہ نقطہ نظر تشکیل دیا جا سکے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ وزیراعظم نے اپوزیشن قائدین اور پارلیمانی رہنماؤں کو کل صبح ساڑھے گیارہ بجے وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے لیے مدعو کیا ہے، تاہم اپوزیشن کی جانب سے ابھی تک بریفنگ میں شرکت کے حوالے سے حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
اپوزیشن رہنماؤں نے حکومتی وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران مزید مشاورت کے لیے وقت مانگا ہے اور موقف اختیار کیا ہے کہ بریفنگ وزیراعظم ہاؤس کے بجائے پارلیمنٹ پاکستان میں ان کیمرہ اجلاس کی صورت میں دی جائے تاکہ تمام اراکین پارلیمنٹ کو معلومات تک رسائی حاصل ہو سکے اور شفافیت برقرار رہے۔


