وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم، قوم کی دعاؤں اور عوام کی قربانیوں کی بدولت ملک معاشی استحکام کی منزل تک پہنچا ہے، جس کے نتیجے میں حکومت موجودہ بجٹ میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔
وفاقی بجٹ پیش کیے جانے کے بعد اپنے بیان میں وزیراعظم نے مشکل معاشی حالات میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے پر قوم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام نے ملکی معیشت کی بحالی کے لیے بے مثال تعاون اور برداشت کا مظاہرہ کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ معاشی استحکام حاصل ہونے کے بعد اس کے ثمرات براہِ راست عام آدمی تک پہنچائے جائیں گے، اور اب اس وعدے کی تکمیل کا آغاز ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں خوشحالی اور ترقی کے نئے دور کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔
وزیراعظم کے مطابق موجودہ وفاقی بجٹ عوامی ریلیف، فلاح و بہبود اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کا بجٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کا بوجھ کم کرنے، برآمدات میں اضافے، زرعی شعبے کی ترقی، صنعتی نمو اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے متعدد اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ معیشت کی مضبوطی کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچیں اور عام شہری کی زندگی میں بہتری آئے۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پائیدار معاشی ترقی اور عوامی خوشحالی کے ایجنڈے پر عمل درآمد جاری رکھے گی۔


