اسلام آباد: اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے ایوانِ صدر میں صدرِ پاکستان آصف علی زرداری سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی امن و سلامتی، اقتصادی تعاون، باہمی روابط کے فروغ اور خطے کو درپیش اہم چیلنجز پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ایرانی صدر کے ہمراہ وزیر خارجہ سید عباس عراقچی، چیف آف پریذیڈنٹ آفس محسن حاجی میرزائی، وزیر داخلہ اسکندر مومنی، چیف آف پولیٹیکل افیئرز سعید عباس موسوی اور پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم بھی موجود تھے۔
پاکستانی وفد میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، چیف وہپ سینیٹ سلیم مانڈوی والا اور ڈاکٹر عاصم حسین شامل تھے۔
صدر آصف علی زرداری نے حالیہ علاقائی کشیدگی کے بعد ایرانی صدر کے پہلے سرکاری دورۂ پاکستان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات اور ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ جاری تکنیکی سطح کے مذاکرات خطے میں مستقل اور پائیدار امن کی راہ ہموار کریں گے۔
صدر زرداری نے ایران کے امن، استحکام، قومی وحدت، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی اصولی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ تنازعات کے حل کے لیے مکالمے اور سفارتکاری کا حامی رہا ہے اور یکطرفہ اقدامات کی مخالفت کرتا آیا ہے۔ انہوں نے مسلم اُمہ کے اتحاد کو برقرار رکھنے اور خلیجی ممالک کے ساتھ برادرانہ تعلقات کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کو بھی اجاگر کیا۔
ملاقات کے دوران صدر زرداری نے ایران کے عظیم رہنما آیت اللہ سید علی حسینی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت پیش کی اور کہا کہ پاکستان ان کی آخری رسومات میں شرکت کرے گا۔
ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے خطے میں امن، مذاکرات اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی مثبت اور تعمیری کوششوں کو سراہتے ہوئے حالیہ مشکل حالات میں پاکستان کی جانب سے دی جانے والی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور سیاسی، اقتصادی، سیکیورٹی اور علاقائی شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے، باقاعدہ مشاورت جاری رکھنے اور خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے ایرانی صدر سے درخواست کی کہ وہ اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کے لیے ان کی نیک تمنائیں اور خیرسگالی کا پیغام پہنچائیں۔


