امریکی فضائی حملے جنگ بندی مفاہمتی یادداشت اور اقوام متحدہ کے منشور کی کھلی خلاف ورزی ہیں: ایران

Date:

ایران کی وزارت خارجہ نے جنوبی ایران کے ساحلی علاقوں پر امریکی فضائی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں جنگ بندی کی مفاہمتی یادداشت اور اقوام متحدہ کے منشور کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ وزارت نے کہا ہے کہ ایران اپنی خودمختاری، قومی سلامتی اور مفادات کے دفاع کا مکمل حق محفوظ رکھتا ہے۔

وزارت خارجہ کی جانب سے ہفتے کے روز جاری بیان میں کہا گیا کہ امریکی فوج نے جمعہ کی شب جنوبی ایران میں ساحلی نگرانی کی تنصیبات کو نشانہ بنایا، جسے "وحشیانہ حملہ” قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ یہ اقوام متحدہ کے منشور کے آرٹیکل 2 کی شق 4 اور دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والی جنگ بندی مفاہمتی یادداشت کی پہلی شق کی واضح خلاف ورزی ہے۔

بیان میں الزام عائد کیا گیا کہ اسرائیل نے امریکا کے ساتھ مل کر لبنان پر حملہ کیا، جو جنگ بندی مفاہمتی یادداشت کی پہلی شق کی ایک اور خلاف ورزی ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ نے زور دیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو اقوام متحدہ کے منشور کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع کا بنیادی حق حاصل ہے، اور اسی حق کے تحت ایرانی مسلح افواج نے امریکی افواج سے متعلق اہداف کے خلاف دفاعی کارروائیاں کیں۔

وزارت نے خطے میں حالیہ کشیدگی اور اس کے نتائج کی مکمل ذمہ داری امریکا پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے خلاف امریکی جارحیت میں کسی بھی شکل میں تعاون کرنے والے فریق بھی اس کے نتائج کے ذمہ دار ہوں گے۔

بیان میں خلیج فارس کے جنوبی ساحل پر واقع تمام ممالک پر زور دیا گیا کہ وہ حسنِ ہمسائیگی کے اصولوں کی پابندی کریں اور بین الاقوامی قانون کے اس بنیادی اصول کا احترام کریں، جس کے تحت کسی بھی ملک کو اپنی سرزمین یا سہولیات کسی دوسرے ملک کے خلاف جارحانہ کارروائی کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔

ایران نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل، سلامتی کونسل اور دیگر متعلقہ بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکا کی جانب سے اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قانون کی مبینہ سنگین خلاف ورزیوں پر خاموشی اختیار نہ کریں بلکہ علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کے تحفظ کے لیے اپنی قانونی اور اخلاقی ذمہ داریاں پوری کریں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

Share post:

Subscribe

spot_imgspot_img

Popular

More like this
Related