محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں جولائی کے پہلے ہفتے کے دوران مون سون بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں آندھی، گرج چمک، اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات سے خبردار کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 30 جون کی شام یا رات سے مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ملک میں داخل ہونے کا امکان ہے، جبکہ بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں پہلے ہی ملک کے مشرقی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں۔ مزید برآں 2 جولائی سے خلیج بنگال سے آنے والی مرطوب ہوائیں بھی بالائی علاقوں کا رخ کریں گی، جس سے بارشوں کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔
پیشگوئی کے مطابق یکم سے 6 جولائی کے دوران اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 3 اور 4 جولائی کو سندھ کے سکھر، جیکب آباد، لاڑکانہ اور ملحقہ اضلاع میں جبکہ یکم سے 4 جولائی کے دوران بلوچستان کے شمالی اور شمال مشرقی علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 2 سے 6 جولائی کے دوران بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ اسی طرح یکم سے 4 جولائی کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، گوجرانوالہ، لاہور اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔


