ریما خان نے انکشاف کیا ہے کہ لندن میں شاہ رخ خان کے ساتھ اسٹیج پرفارمنس کے دوران انہوں نے دو شرائط کے ساتھ کام کیا اور اس دلچسپ قصے کی تفصیلات جیو پوڈکاسٹ میں بیان کیں۔
اداکارہ کے مطابق جب وہ لندن میں ہمایوں سعید، شاہ رخ خان اور پریٹی زنٹا کے ساتھ اسٹیج ریہرسل میں
مصروف تھیں تو شاہ رخ خان نے خود انہیں کندھے پر ہاتھ رکھ کر سلام کیا اور خوش آمدید کہا، جبکہ پریتی زنٹا نے بھی انہیں گلے لگا کر ریہرسل میں شامل ہونے کی دعوت دی، جس کے بعد سب نے مل کر ریہرسل کی اور پاکستان بھارت کے موضوع پر بھی گفتگو ہوئی۔
ریما خان نے بتایا کہ انہیں اس پرفارمنس کے لیے گلیمرس لباس کی پیشکش کی گئی تھی، لیکن انہوں نے اپنی ثقافت کا حوالہ دیتے ہوئے شلوار قمیض اور دوپٹہ پہننے پر اصرار کیا اور یہ اپنی پہلی شرط قرار دی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دوسری شرط یہ تھی کہ اگر اسٹیج پر بھارتی پرچم کو نمایاں انداز میں دکھایا جا رہا ہے تو اسی پیمانے پر پاکستان کا پرچم بھی دکھایا جائے، بصورت دیگر وہ کسی بھی متبادل پر رضامند نہیں ہوں گی۔
اداکارہ کے مطابق اس پوری پرفارمنس کا تجربہ خوشگوار رہا اور فنکاروں کے درمیان باہمی محبت اور احترام کا ماحول دیکھنے کو ملا۔


