اسلام آباد میں جاری حکومتی مالیاتی تفصیلات کے مطابق پیٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت 246 روپے 31 پیسے فی لیٹر ہے، تاہم مختلف ٹیکسز، ڈیوٹیز، مارجنز اور لیویز شامل ہونے کے بعد عوام کو یہی پیٹرول 399 روپے 86 پیسے فی لیٹر میں فراہم کیا جا رہا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق فی لیٹر پیٹرول پر 23 روپے 72 پیسے کسٹم ڈیوٹی جبکہ 7 روپے 32 پیسے ان لینڈ فریٹ مارجن کی مد میں شامل کیے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا مارجن 7 روپے 87 پیسے اور پمپ ڈیلرز کا کمیشن 8 روپے 64 پیسے مقرر ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں 103 روپے 50 پیسے پیٹرولیم لیوی اور 2 روپے 50 پیسے کلائمیٹ سپورٹ لیوی بھی شامل کی گئی ہے، جس کے باعث صارفین تک پہنچتے پہنچتے قیمت میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق ایک لیٹر پیٹرول پر مجموعی طور پر 153 روپے 55 پیسے ٹیکسز، مارجنز اور منافع جات وصول کیے جا رہے ہیں، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر یہ رقم 116 روپے 46 پیسے بنتی ہے۔
دستاویزات کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی ایکس ریفائنری قیمت 283 روپے 12 پیسے فی لیٹر ہے، تاہم تمام اضافی چارجز شامل ہونے کے بعد شہریوں کے لیے اس کی قیمت 399 روپے 58 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔


