امریکی ریاست کولوراڈو کے ڈینور انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں فرنٹیئر ائیرلائنز کی پرواز 4345 ٹیک آف کے دوران رن وے پر موجود ایک شخص سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں وہ شخص طیارے کے انجن کی زد میں آکر ہلاک ہو گیا جبکہ انجن میں آگ بھی بھڑک اٹھی جس پر ڈینور فائر ڈیپارٹمنٹ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے قابو پا لیا۔
ائیرپورٹ حکام کے مطابق یہ شخص حفاظتی باڑ عبور کرکے غیر قانونی طور پر ائیرپورٹ میں داخل ہوا تھا اور صرف چند منٹ بعد ہی طیارے کی زد میں آگیا، امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق وہ جزوی طور پر انجن کے اندر بھی چلا گیا تھا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق طیارہ لاس اینجلس انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے لیے روانہ ہو رہا تھا اور اس میں 224 مسافر اور 7 عملے کے ارکان سوار تھے، جبکہ حادثے کے نتیجے میں کم از کم ایک مسافر معمولی زخمی بھی ہوا۔
واقعے کے بعد ائیرپورٹ پر سیکیورٹی اور حفاظتی اقدامات سے متعلق سوالات اٹھ گئے ہیں اور تحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ رن وے تک اس شخص کی رسائی کیسے ممکن ہوئی۔


