معرکہِ حق کی پہلی یادگاری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات نے کہا ہے کہ معرکہِ حق اور آپریشن بنیان مرصوص میں اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان، عوام اور مسلح افواج کو ایک بے مثال کامیابی حاصل ہوئی۔
اپنے تاریخی خطاب میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ معرکہِ حق دراصل دو نظریات کے درمیان ایک فیصلہ کن جنگ تھی، جس میں حق کو فتح نصیب ہوئی جبکہ باطل کو شکست اور ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم، مسلح افواج اور قومی قیادت نے اس معرکے میں غیر معمولی اتحاد، حوصلے اور عزم کا مظاہرہ کیا۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ ہندوستان کا دیرینہ خواب ہے کہ پاکستان کو عسکری جارحیت، سفارتی دباؤ اور تنہائی کا شکار بنا کر خطے میں طاقت کا توازن اپنے حق میں تبدیل کیا جائے، تاہم یہ خواب بھارت کی صلاحیت اور حیثیت سے کہیں بڑا ہے اور پاکستان اسے کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گا۔
انہوں نے معرکہِ حق کے تمام شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اور افواجِ پاکستان شہید ہونے والی نہتی خواتین، بزرگوں اور معصوم بچوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ فیلڈ مارشل نے کہا کہ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو ایک مقدس امانت سمجھتی ہے جبکہ اپنی طاقت کو ذمہ داری اور کامیابی کو اللہ تعالیٰ کا احسان تصور کرتی ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ عوام اور قومی قیادت کا واضح پیغام ہے کہ ملکی خودمختاری، سرحدی سالمیت اور قومی وقار پر کسی قسم کا سمجھوتہ ہرگز قابلِ قبول نہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنے دفاع، امن اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر مکمل طور پر تیار اور متحد ہے۔


