فیلڈ مارشل عاصم منیر نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر بلوچستان کے ضلع ژوب میں مغربی سرحدوں پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور جوانوں کے ساتھ عید منائی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے فرنٹ لائن پر تعینات افسران اور جوانوں کے ساتھ نمازِ عید ادا کی۔ نماز کے بعد پاکستان میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں، جبکہ وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کے لیے بھی فاتحہ خوانی کی گئی۔
فیلڈ مارشل نے جوانوں سے ملاقات کے دوران ان کے بلند حوصلے، مضبوط عزم، آپریشنل تیاری اور غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خلاف مسلسل چوکسی کو سراہا۔ انہوں نے ملک کو دہشت گردی کے خطرات اور دشمن عناصر کی سازشوں سے محفوظ رکھنے کے لیے پاک فوج کی قربانیوں اور عزم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کوئٹہ میں ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملے کی شدید مذمت بھی کی اور کہا کہ یہ حملہ مبینہ طور پر بھارتی حمایت یافتہ نیٹ ورکس اور “فتنہ الہندستان” کے ذریعے کیا گیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایسے بزدلانہ اور غیر انسانی اقدامات نہ تو پاک فوج کے عزم کو کمزور کر سکتے ہیں اور نہ ہی پاکستانی قوم کے حوصلے کو متاثر کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے تمام سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی۔


