پاکستان ایک ذمہ دار اور امن پسند ایٹمی ریاست،ناقابلِ تسخیر دفاعی صلاحیت حاصل ہے، قومی قیادت کا بیان

Date:

صدر مملکت آصف علی زرداری نے یومِ تکبیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور امن پسند ایٹمی ریاست ہے، اور 28 مئی 1998 ملک کی ناقابلِ تسخیر دفاعی صلاحیت کی علامت ہے۔

اپنے بیان میں صدر مملکت نے کہا کہ یومِ تکبیر پاکستان کے اسٹریٹجک خودمختاری کے حصول کا دن ہے، جس نے ملک کو دفاعی طور پر مضبوط اور خود انحصار بنایا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایٹمی پروگرام قومی سلامتی کے تقاضوں کے تحت شروع کیا اور اس تاریخی کامیابی پر پوری قوم اپنے سائنسدانوں اور مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ عالمی دباؤ اور پابندیوں کے باوجود پاکستان نے اپنے قومی مفاد کا تحفظ کیا، اور اس کی دفاعی حکمت عملی خطے میں امن و استحکام کی ضامن ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جدید دور میں سائبر وارفیئر، مصنوعی ذہانت (AI) اور ڈرون ٹیکنالوجی جنگی حکمت عملی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

صدر مملکت نے واضح کیا کہ پاکستان ایک پرامن اور ذمہ دار ایٹمی ریاست ہے اور کسی بھی ملک کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا، تاہم اگر کسی جانب سے جارحیت کی گئی تو پاکستان اس کا فوری اور بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

یاد رہے کہ بھارت کے ایٹمی تجربات کے جواب میں پاکستان نے 28 مئی 1998 کو بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے میں کامیاب ایٹمی دھماکے کیے تھے، جس کے بعد اس دن کو ہر سال “یومِ تکبیر” کے طور پر منایا جاتا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ تکبیر کے موقع پر سابق وزرائے اعظم ذوالفقار علی بھٹو اور نواز شریف سمیت جوہری پروگرام کے سائنسدانوں ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور ڈاکٹر ثمر مبارک مند کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

قوم کے نام اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ اگر پاکستان ایٹمی قوت نہ بنتا تو دشمن کسی بھی حد تک جا سکتا تھا۔ ان کے مطابق پاکستان کا ایٹمی حصار اور مسلح افواج ملک کے دفاع کی مضبوط رکاوٹ ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے پہلگام فالس فلیگ سازش کا ڈرامہ رچایا، تاہم قوم اور افواج نے اتحاد کے ساتھ اس کے عزائم ناکام بنائے۔ انہوں نے کہا کہ “بنیان مرصوص” کے تحت فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت واضح طور پر سامنے آئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ افغان رجیم دشمن کے عزائم میں سہولت کار کا کردار ادا کر رہی ہے جبکہ شکست کے بعد دشمن اب فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان جیسی پراکسیز کو سپورٹ کر رہا ہے۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج جدید ترین ہتھیاروں سے لیس ہیں اور مادرِ وطن کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ ان کے مطابق ملک کا دفاع “آہنی ہاتھوں” میں ہے اور “آپریشن غضب الحق” کے ذریعے تمام فتنوں کا خاتمہ کیا جائے گا۔

دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر، ائیر چیف اور نیول چیف نے بھی قوم کو یومِ تکبیر کی مبارکباد دی ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ دن پاکستان کے ایٹمی طاقت بننے کی تاریخی کامیابی کی یاد دلاتا ہے، جس نے جنوبی ایشیا میں اسٹریٹجک توازن بحال کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ عظیم سنگ میل قومی اتحاد، استقامت اور خودمختاری کی علامت ہے، جبکہ پاکستان کی دفاعی اور اسٹریٹجک صلاحیت ایک “مقدس قومی امانت” ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ کامیابی مدبر قیادت، سائنسدانوں، انجینئرز اور پاک افواج کی قربانیوں کا نتیجہ ہے، اور یہ خطے میں امن، استحکام اور دفاعی توازن کی ضامن ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ اس موقع پر پوری قوم اللہ تعالیٰ کے حضور سربسجود ہو کر اتحاد، بیداری اور ایک مضبوط و خوشحال پاکستان کے عزم کی تجدید کرتی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

Share post:

Subscribe

spot_imgspot_img

Popular

More like this
Related

عمان برتاؤ ٹھیک کرے ورنہ تباہ کر دیں گے، امریکی صدر کی دھمکی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے حالیہ بیان میں...

بجٹ میں عوام پر بوجھ کم سےکم ڈالنےکی کوشش جارہی ہے: وزیر خزانہ

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ...

پاکستان کےامریکا اور چین دونوں سے بہترین تعلقات ہیں,سفارتکاری اسی کانام ہے: اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا...