ابوظبی: متحدہ عرب امارات نے واضح اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی فضائی حدود کو ایران پر کسی بھی ممکنہ حملے کے لیے استعمال نہیں ہونے دے گا۔
اماراتی وزیر مملکت برائے بین الاقوامی تعاون ریم الہاشمی نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ عرب امارات اپنی سرزمین اور فضائی حدود کو کسی بھی فوجی کارروائی کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا، تاہم انہوں نے ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام کو خطے کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ امارات کو اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ صورتحال کا فوجی حل ممکن نہیں اور بڑھتی ہوئی کشیدگی پورے خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔
ایرانی حملوں کے تناظر میں تہران میں قائم اماراتی سفارتخانہ بند کر دیا گیا ہے اور سفیر کو واپس بلا لیا گیا ہے۔
دوسری جانب ابوظبی میں اماراتی عسکری حکام کا کہنا ہے کہ عرب امارات اس وقت حالتِ جنگ میں ہے، جبکہ وزارتِ دفاع کے ترجمان کے مطابق اماراتی مسلح افواج مکمل جنگی تیاری کی حالت میں ہیں اور ملکی خودمختاری و سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔


