وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے ثالثی کردار نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور لاکھوں انسانی جانوں کو محفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ احمد حسن سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کا عالمی سطح پر مقام بلند کیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے دوران ذمہ دارانہ سفارتی کردار ادا کیا، جس کے مثبت نتائج سامنے آئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی امن کوششوں کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔
اس موقع پر خواجہ احمد حسان کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ کو وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت پر فخر ہے، جبکہ آج سبز پاسپورٹ کی دنیا بھر میں عزت اور وقار میں اضافہ ہوا ہے۔
واضح رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان نے ثالثی کی کوششوں میں کردار ادا کیا تھا، جبکہ جنگ بندی کے بعد بھی سفارتی رابطوں اور مذاکراتی عمل میں معاونت جاری رکھنے کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔


